بیورو کریسی ذاتی مفاد کی خاطر وزراء کو غلط باتیں بتاتی ہے،سراج قاسم تیلی

106

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بزنس مین گروپ کے سربراہ اور کے سی سی آئی کے سابق صدر سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ بیورو کریسی وزیر صنعت کو حقائق کے برخلاف باتیں بتا کر گمراہ کر رہی ہے ،صنعتوں کو درپیش تمام مسائل وزیر صنعت کے سامنے رکھ دیے ہیں کیونکہ موجودہ وزیر خواب دیکھنے کے حوالے سے مشہور ہیں اس لیے ممکن ہے کہ ہمارے مسائل سن کر وہ اب یہ خواب دیکھ رہے ہوں کہ صنعتکاروں کے80فیصد کام ہونے والے نہیں ۔بزنس کمیونٹی غلط بات کرے گی اور نہ ہی کسی کو گمراہ کرے گی ،بیورو کریسی ذاتی مفاد کی خاطر وزراء کو غلط باتیں بتاتی ہے جہاں سے مسائل جنم لیتے ہیں اورجس کے نتیجے میں وزیر صنعت اوربزنس کمیونٹی کے درمیان فاصلے بڑھ جاتے ہیں ۔یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں صوبائی وزیر صنعت منظور وسان کے دورہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی ۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ،سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا ،سابق مشیر زبیر موتی والا اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سراج قاسم تیلی نے صوبائی وزیر صنعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے آپ نے وزات سنبھالی ہے پریشر میں ہیں لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ آپ نے غلطی میں بھی غلط کام نہیں کیا ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی وزیر ہماری جائز باتوں کو سنیں گے۔