اسپیکر نے ریفرنس بھیج کر انتشار کی کیفیت پیدا کردی ،حلیم عادل

135

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جہانگیر ترین سے متعلق ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیج کر اسپیکرقومی اسمبلی نے اپنے منصب کو مشکوک بنالیا ہے،پاناما لیکس میں وزیراعظم اور ان کے خاندان کی لوٹ مار کا ذکر ہے بجائے وزیراعظم سے معاملے کی چھان بین کرنے کے ان کے درباری عمران خان کے خلاف ریفرنس بھیج کرملک میں انتشار کی جانب بڑھ رہے ہیں ،عوام کا حکومت سے اعتماد اٹھ چکا،،یہ لوگ پاناما لیکس پر خود کو جواب دہ نہیں سمجھتے ہیں،حکومت اپنے ڈاکوؤں کی طویل فہرست کا جواب دینے کے بجائے عوام کا وقت بربادکرکے اپنے 5سال مکمل کرنے کی کوششوں میں ہے ،اس وقت حکومت نے عوام کو بجلی ،گیس اور 2 وقت کی روٹی سے کوسوں دور کررکھاہے ،حکمرانوں نے انسانوں کو چلتی پھرتی زندہ لاشیں بنادیاہے،عادل ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان ہی ہمیں وطن دشمنوں سے نجات دلاسکتے ہیں،حکومت میں احساس ذمے داری نام کی کوئی چیز نہیں ہے ،یہ لوگ جمہوری نظام کو بہتر کرنے کے بجائے اس میں مزید خرابیاں پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، انہوں نے جمہوری نظام کے تمام تر ثمرات کے رخ اپنے وزیروں اور رشتے داروں کی جانب موڑ رکھے ہیں ،عوام کو تو صرف یہ لوگ ووٹ لینے کے استعمال کرتے ہیں، تین بار حکومتیں بناکر بھی ان لوگوں نے اس ملک کے عوام کو کیا دیا ہے یہ بات کھل کر عیاں ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کا حکومت سے مکمل طور پر اعتماد اٹھ چکاہے ،یہ لوگ اس قابل نہیں ہیں کہ ان کو دوبارہ سے ووٹ دیا جاسکے کیونکہ جو لوٹ مار کے شوقین ہوتے ہیں ان کا کبھی پیٹ نہیں بھرتاہے وہ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بھی خالی ہی رہتے ہیں۔