حیدرآباد : پولیس مقابلہ، 2ڈاکوہلاک ، ڈھائی کروڑ مالیت کی ہیروئن برآمد

109

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) حیدرآباد پولیس کی جانب سے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی کرنے کا دعویٰ، ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی ہیروئن برآمد۔ پولیس کے مطابق پھلیلی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقہ میں جرائم پیشہ افراد موجود ہیں، پولیس نے ستار شاہ قبرستان کے قریب ناکہ لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی۔ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد وہاں پہنچے جنہوں نے پولیس کو دیکھ کر اپنی بائیک تیز کردی اور فرار ہو نے کی کوشش کی جبکہ پولیس نے تعاقب کیا تو انہوں نے فائر کیے جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی گولیاں لگنے سے 2ڈاکوعلی محمد ولد غلام حسین اور حق نواز ہلاک ہو گئے جبکہ غلام مصطفی بھٹی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تینوں ڈاکو جیکب آباد کے رہائشی بتائے جاتے ہیں اور پولیس کو 13سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ ڈاکوؤں سے اعلیٰ کوالٹی کی ڈھائی کلو ہیروئن ملی ہے جس کی عالمی منڈی میں مالیت پاکستانی روپوں میں ڈھائی کروڑ روپے ہے۔ پولیس نے ڈاکوؤں سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل ، دو ٹی ٹی پستول مع میگزین برآمد کیے ہیں۔ علاوہ ازیں حسین آباد پولیس نے ایک کارروائی میں 35کلو گرام چرس برآمد کرکے ٹریفک پولیس کے اہلکار ملوک تنیو کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔