سرمایہ کاری کے لیے آگہی کو ہر سطح پر بڑ ھایا جائے، ظفر حجازی

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے سرمایہ کاروں کی آگہی کے لیے اے ایف فرگسن اینڈ کمپنی کے طلبہ اور ملازمین کے لیے لاہور میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ میری شدید خواہش ہے کہ ایس ای سی پی اپنے ایسے پروگراموں کے ذریعے معاشرے میں بچت اور سرمایہ کاری کا کلچر فروغ پائے یہ تب ہی ممکن ہے جب ایک فرد خود اپنے مالی معاملات کا ذمہ اٹھائے تاکہ وہ خوب سوچ سمجھ کر سرمایہ کاری کرے اورباخبر فیصلہ سازی کر سکے اس امر کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کار ی کے لیے آگہی کو ہر سطح پر بڑ ھایا جائے۔ خالدہ حبیب، ڈائریکٹر/ہیڈ، انویسٹر ایجوکیشن اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ نے سرمایہ کاروں کی فیصلہ سازی کی صلاحیتوں میں بہتری لانے اور ان کے سرمایہ کے تحفظ کے لیے ایس ای سی پی کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس آگہی کے پروگرام میں صنعتی شعبے کی مدد بڑی کار آمد ثابت ہوگی۔ سی ایف اے سوسائٹی پاکستان کی رابعہ فدانے مالی منصوبہ بندی اور اس کی اہمیت کے بارے میں گفتگو کی۔انہوں نے حاضرین کواپنی مالی منصوبہ بندی کے لیے ضروری اقدامات اوراحتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا۔