عمران خان کو سندھ سے کچھ نہیں ملے گا‘آغا سراج درانی

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ عمران خان کی سیاست کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں ۔عمران خان کو سندھ سے کچھ بھی نہیں ملے گا ۔منتخب نمائندے سڑکوں کی سیاست نہ کریں تو بہتر ہے ۔مسائل کے حل کے لیے اسمبلیاں موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ اسمبلی پہنچ کر اسپیکر آغا سراج درانی سے ملاقات کی ۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ایوان میں نشستوں کی تبدیلی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔آغا سراج درانی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی نشستیں چھوٹی کردی گئی ہیں ۔سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے لیے بڑی نشست اس لیے تھی کہ ان کو بیٹھنے میں آسانی ہوگی ۔ کراچی میں بدلہ گروپ کی چاکنگ کے حوالے سے آغا سراج درانی نے کہا کہ بدلہ گروپ والے کس کا بدلہ لینے آئیں گے ؟میں نے کسی کا کچھ نہیں بگاڑا ہے ۔