لائسیسٹرشائر کا پاکستانی بلے باز شرجیل خان سے معاہدہ

129

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انگلش کاؤنٹی کلب لائسیسٹرشائر نے آئندہ سال شیڈول نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز شرجیل خان سے معاہدہ کر لیا۔ شرجیل خان دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان محدود اوورز اسکواڈ کا حصہ تھے۔ انہوں نے گزشتہ ماہ آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں کیریئر کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ لائسیسٹرشائر نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ آسٹریلوی فاسٹ بولر کلنٹ میکائے بھی بطور غیرملکی پلیئر نیٹ ویسٹ ٹورنامنٹ میں کلب کی نمائندگی کریں گے۔ لائسیسٹرشائر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا کہ شرجیل خان باصلاحیت اور جارحانہ بلے باز ہیں ان کی خدمات ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، امید ہے کہ وہ آئندہ سال ہونے والے نیٹ ویسٹ ٹورنامنٹ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ شرجیل خان نے کہا کہ لائسیسٹر سے معاہدہ کرنے پر بے حد خوشی ہوئی، میں کاؤنٹی کھیلنا پسند کرتا ہوں اور مجھے موقع ملنے پر لائسیسٹرشائر حکام کا مشکور ہوں۔