لاہور(نمائندہ جسارت)ایوان وزیراعلیٰ میں ایوان صنعت و تجارت کے زیر اہتمام ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ 2016ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہناتھاکہ 2013 ء کے مقابلے میں معاشی حالات کہیں بہتر ہیں‘زرمبادلہ ذخائرملک کی تاریخ میں ریکارڈ سطح عبور کرچکے ہیں‘ذاتی پسند اورنا پسند سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہے اورپاکستان کو بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام دلانا ہے ‘بدقسمتی سے دھرنے اورانتشار کی سیاست کرنیوالوں نے پاکستان کادھڑن تختہ کیا، پاکستان کیساتھ اس سے بڑا ظلمکوئی اورنہیں ہوسکتا‘دھرنا دینے والے عناصر مختلف شکلوں میں دوبارہ سامنے آئے ہیں لیکن اب احتجاجی سیاست کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے‘ عوام ان کے عزائم سے آگاہ ہوچکے ہیں کہ دھرنے دینے والے دراصل ترقی مخالفہیں اور احتجاجی سیاست ملک کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اسی لیے عوام ان عناصر کی دھرنے اوراحتجاج کی سیاست سے لاتعلق ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہناتھا کہ اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے ‘ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر دوستی کا حق نبھایا اور46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا بے مثال پیکیج دیا‘ہمیں اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس سے بھر پور استفادہ کرکے قوم کو مشکلات سے نکال کرترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنارکرنا ہے۔انہوں نے احتجاجی سیاست کرنے والوں کو مخاطب کرکے کہاکہ خدارا ہوش کے ناخن لیں اور اپنے منفی رویوں کو ترک کرکے ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کریں ۔قبل ازیں سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور تمام محکمے اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کریں‘انہوں نے مزید کہا کہ آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہناتھا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی حکومتی ذمے داری ہے‘انہوں نے متعلقہ حکام کو عید الاضحی سے قبل مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔