اسلام آباد(آئی این پی)دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مجاہدین امت مسلمہ کے محسن ہیں، انہیں واپس نہ دھکیلا جائے،مہاجرین کی واپسی کے بارے میں حکومتی پالیسی انتہائی ناقص ہے۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کونسل کے سربراہی اجلاس میں کیاجو ان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ افغان مہاجرین کے سابق جہادی گروپوں کے سرکردہ رہنماؤں کے30 رکنی وفد نے مولانا محمد سعید ہاشمی کی قیادت میں دفاع پاکستان کونسل کے قائدین سے اسلام آباد میں ملاقات کی اوراجلاس میں اپنی مشکلات پیش کیں۔ ملاقات میں کونسل کے
چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید،امیر جماعت اسلامی سراج الحق،لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خان، مولانا فضل الرحمن خلیل، مولانا سید محمد یوسف شاہ، مولانا اویس نورانی، مولانا عبدالرحمن مکی، کشمیری رہنما کمانڈر محمد صفی اوردیگر موجود تھے۔ وفد نے اپنے مطالبات پیش کیے اور کونسل کے قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ ہمارے درج ذیل مطالبات کو مقتدر حلقوں تک پہنچائیں۔جن افغانیوں کے پاس رجسٹریشن کارڈ ہے، ان کو قیام امن تک توسیع دی جائے۔ غیر رجسٹرڈ کا کارڈ جاری کیا جائے۔افغانستان کے لیے آمدورفت کی اجازت دی جا ئے‘ تاجروں کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے‘ تعلیمی اداروں میں داخلوں پر پابندیوں کو ہٹایا جائے‘اسپتالوں میں علاج ومعالجے کی سہولت بحال کی جائے۔ پاکستان کے مختلف اداروں میں قید ہزاروں افراد کو رہا کیا جائے۔کونسل کے قائدین نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ہرسطح پر مہاجرین کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔