امریکا میں پہلا مسلمان وفاقی جج نامزد

111

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر بارک اوباما نے پہلی مرتبہ ایک مسلمان وکیل عابد ریاض قریشی کو وفاقی جج کے طور پر نامزد کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق عابد قریشی کی نامزدگی ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج کے طور پر کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جاری ہونے والے بیان میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ مجھے یونائٹڈا سٹیٹس ڈسٹرکٹ کورٹ بینچ میں عابد قریشی کو نامزد کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ انصاف کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے دیانت داری سے امریکی عوام کی خدمت کریں گے۔ ہارورڈ لا سکول سے فارغ التحصیل ہونے والے عابد قریشی امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں قانونی فرم لیتھم اینڈ واٹکنز کے پارٹنرز میں سے ایک ہیں اور جعلی کلیمز، ہیلتھ کیئر فراڈ اور سیکورٹیز کے معاملات کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عابد قریشی پاکستانی نژاد امریکی شہری ہیں اور ان کی پیدائش بھی پاکستان میں ہی ہوئی تھی۔ عابد قریشی کی نامزدگی کی امریکی سینیٹ سے توثیق ضروری ہے جس کے بعد ہی وہ یہ عہدہ سنبھال سکیں گے۔
پہلا مسلمان جج