ایجنسیاں ٹھیک کام کررہی ہیں ، حکومتبھی ایکشن پلان پر عمل پیراہے،نثار

173

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ یہ کہنا غلط ہے کہ صرف فوج ہی نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر رہی ہے اور حکومت نہیں کر رہی ،قومی ایکشن پلان کے 9 نکات صوبائی حکومتوں سے متعلق ہیں، دہشت گرد ی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور اس ناسور کا ملک سے جلد اور مکمل طور پر خاتمہ کر کے دم لیں گے،مردان اور کوئٹہ دھماکوں کے حوالے سے خفیہ ایجنسیوں کی معلومات میں سامنے آچکاہے کہ کونسی جماعتیں اور گروپ حملوں میں ملوث ہیں، اب تک کی تحقیقات کے مطابق وارسک روڈ واقعے میں مارے جانے والے چاروں دہشت گرد غیر ملکی تھے ، کوئٹہ واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں 3دہشت گرد گرفتار ہوچکے ہیں ، ان سے تحقیقات جاری ہیں ، ان حملوں میں ملوث سہولت کاروں کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے ،ہ بدھ کو یہاں سینیٹ میں سانحہ کوئٹہ اور مردان کے حوالے سے جاری بحث کو سمیٹتے ہوئے خطاب کررہے تھے،وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ،بنوں جیل، کراچی ایئرپورٹ اور باچاخان یونیورسٹی اور دیگر جگہوں پر حملوں کی اطلاعات ایجنسیوں نے پہلے ہی کر دی تھی ، ایجنسیاں اپنا کام احسن طریقے سے کر رہی ہیں، ان کیمرا اجلاس میں تفصیل دینے کے لیے تیار ہوں ، 20ہزار کے قریب انٹیلی جنس آپریشن ہو چکے ہیں اور ہزاروں کے حساب سے دہشت گرد پکڑے اور مارے گئے ہیں ،بہتری سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے آئی ہے، ، فوج کے ساتھ ساتھ پولیس کا کردار بھی قابل تعریف ہے، وفاقی وزیرداخلہ نے اس دوران کہا کہ ضرب عضب نیشنل ایکشن پلان سے 7 ماہ پہلے شروع کیا گیا ۔ 20میں سے 9پوائنٹس صوبوں سے متعلق ہیں ۔ 7 مختلف وزارتوں سے متعلق ہیں ۔ 3 وزارت داخلہ کے تھے اور ایک فاٹا ریفارمز کے حوالے سے تھا ۔ لیکن وزارت داخلہ کو تنقید کر کے پوائنٹ ا سکورنگ کی جاتی ہے ۔ خیبرپختونخوا اورسندھ حکومت سیاسی طور پر ہماری مخالف ہے لیکن غلطیوں پر کبھی تنقید نہیں کی۔ کیونکہ ملکر جنگ لڑنی ہے ۔ دہشت گردی کے واقعات 2000سالانہ ہوتے تھے اب کم ہو کر 200ہوگئے ہیں ۔ لیکن یہ واقعات بھی بہت زیادہ ہیں ایک بھی دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے ۔ دہشت گردی کے واقعات میں2015ء کے مقابلے میں 39فیصد میں کمی آئی۔ 2016میں 54فیصد کمی آئی ہے ۔ واضح بہتری آئی ہے ۔ اس کے لیے سیکورٹی فورسز کی ہمت بڑھانی ہے،چودھری نثارکا مزید کہناتھا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں سب پرعزم اور ایک ہیں ،اس جنگ میں کامیابی حاصل کرلی، اب نفسیاتی جنگ ہورہی ہے۔