ایس ای سی پی نے مختلف کمپنیوں کو شو کاز نوٹس بھجوادیے

142

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اگست میں مختلف کمپنیوں کو 1984ء کے آرڈیننس کی متعدد خلاف ورزیوں پر 45 نئے شو کاز نوٹس بھجوائے۔ ان خلاف ورزیوں میں لسٹڈ کمپنیوں کے لیے انٹرم اکاؤنٹس جمع کرانے کے حوالے سے قانونی شقوں کی تعمیل میں ناکامی، پراویڈنٹ فنڈ کی رقم جمع کرانے میں تاخیر، آڈیٹرز کی جانب سے فرائض کی ادائیگی، اکاؤنٹس کی جھوٹی اسٹیٹمنٹس، لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے حصص داران کی پیشگی منظوری کے بغیر منسلکہ کمپنیوں کو پیشگی قرضے، بروکریج کے کاروبار سے تعلق رکھنے والے شخص کا بطور ڈائریکٹر تقرّر وغیرہ شامل ہیں۔ ا س کے علاوہ ایس ای سی پی کے متعلقہ ڈپارٹمنٹ نے اگست میں کمپنیوں کی انتظامیہ کے خلاف غلط بیانی اور مالیاتی گوشواروں میں اہم حقائق حذف کرنے پر دو نئی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ پچھلے ماہ کے دوران تین کمپنیوں کی کتبِ حسابات اور تمام ریکارڈز کے معائنے کے لیے ڈپارٹمنٹ نے معائنہ کاروں کا تقرّر کیا اور کمپنی کے امور سے متعلق خلاف ورزی اور حیلہ سازی پر رپورٹ پیش کی۔ علاوہ ازیں تین کمپنیوں کے امور کی تفتیش کا حکم دیا گیا تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیاکیا حصص داران کو ان کی سرمایہ کاری کے فوائد سے محروم کیا گیا ہے۔