حیدرآباد(نمائندہ جسارت) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین سی بی اے کی ہڑتال، شہر کی سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ کنٹریکٹ اور ورک چارج ملازمین کو مستقل نہ کرنے، واسا ملازمین کی تین ماہ سے تنخواہوں کی بندش اور پنشنر کی پنشن کئی ماہ سے ادا نہ کیے جانے کے خلاف ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین سی بی اے کی جانب سے ہڑتال جاری ہے اور بدستور نکاسی وفراہمی آب کا نظام بند ہونے کے بعد شہر کی اہم شاہراہیں قاضی عبدالقیوم روڈ، اسٹیشن روڈ، گاڑی کھاتہ، مکی شاہ روڈ، لطیف آباد کی اہم شاہراہیں اور گلی محلے پانی سے بھر گئے لیکن انتظامیہ ملازمین کی بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ احتجاجی ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین اعجاز حسین، بہرام چانگ، عبدالقوم بھٹی ودیگر نے کہاکہ ایچ ڈی اے انتظامیہ نے اگروعدے کے مطابق ورک چارج اورکنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے آرڈر جاری نہیں کیے تو نکاسی وفراہمی آب کا نظام عیدالاضحی پر بند کردیا جائے گا اور ملازمین عید پر ڈیوٹی نہیں کریں گے جس کے ذمے داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین ہڑتال کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود ایچ ڈی اے انتظامیہ مزدور دشمن رویہ اختیار کیے ہوئے ہے اور واسا کے ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں نہ ہی ورک چارج ، کنٹریکٹ ملازمین کی بحالی کے آرڈر جاری کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین بھوک وافلاس کا شکار ہیں جبکہ عید کی آمد آمد ہے اور ملازمین پریشان ہے۔ ورک چارج کنٹریکٹ ملازمین کی بحالی میں ٹال مٹول سے کام لیاجارہاہے۔