حکمران بھارت سے دوستی کے بجائے مسئلہ کشمیر حل کرائیں،اسامہ بن رضی

121

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان قیامت تک قائم ہونے کیلیے بنا ہے ۔امریکا اوربھارت کے ایما پرپاکستان مخالف نعرہ لگایاگیاہے۔پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کیلیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ دفاع پاکستان کیلیے جماعت اسلامی کا ایک ایک کارکن ملک و ملت پرقربان ہوجائے گا۔حکمران بھارت سے دوستی کرنے کے بجائے مسئلہ کشمیر حل کرائیں۔یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیرڈاکٹر اسامہ بن رضی نے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت لانڈھی 89 سے ناصرجمپ تک نکالی گئی عظیم الشان ’’دفاع پاکستان ریلی‘‘سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام سیکرٹری مرزا فرحان بیگ، محمد نواز خان، مرزا ثوبان بیگ ودیگر نے بھی خطا ب کیا۔اس مو قع پر دفا ع پاکستان ریلی میں سیکڑو ں کی تعداد میں مو ٹر سائیکل سوار نوجو ان اپنے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم لیے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرہ لگا رہے تھے۔دفاع پاکستان ریلی پر لانڈھی 89، بابرمارکیٹ، چراغ ہوٹل ، لانڈھی نمبر6 ،کورنگی نمبر4 ،کورنگی نمبر ڈھائی، کورنگی نمبر2 ،کورنگی نمبر1 اورناصرجمپ پرمنوں کے حساب سے پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔نعمان شاہ اورحافظ سلمان نے مختلف مقامات پر قومی ترانے پڑھ کر ریلی کے شرکا کے جوش کو بھی گرمایا۔ ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے کہاکہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔ جب بھارت پاکستان پرحملہ آور ہوا تھااورپاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کوعبرت ناک شکست دی تھی۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ملک دشمن قوتوں کوشکست دی جاسکتی ہے ۔ پاکستان کے حکمران بھارت سے دوستی کرنے کے بجائے مسئلہ کشمیر حل کرائیں۔دفاع پاکستان ریلی پاکستان مردہ باد کہنے والوں کیلیے ایک جواب ہے۔انہوں نے کہاکہ دفا ع پاکستان کے لیے پوری قوم بیدار ہے اوراسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام نے کہا کہ پاکستان کا پرچم تھامے ہزاروں نوجوان آج سڑکوں پر نکل کراپنے وطن سے تجدید عہد کررہے ہیں۔پاکستان لاکھوں جا نوں کی قربانی کے بعد قائم ہوا ہے، ہم شہدا کے خون کے ایک ایک قطرے کی حرمت کی حفاظت کریں گے اورکراچی کی سڑکوں پر دفاع پاکستان کی جنگ لڑیں گے ۔مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت عظیم الشان ’’دفاع پاکستان ریلی‘‘ پاکستان دشمن قوتوں کے منہ پرایک طمانچہ ہے۔قوم اپنے اتحاد اوریکجہتی سے ملک دشمن قوتوں کی ہرسازش کو ناکام بنا دے گی اورپاکستان کا بچہ بچہ دفا ع پاکستان کے لیے کٹ مرے گا۔