درجے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شب کی تجویز مسترد 2

152

دبئی(جسارت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2 درجے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تجویز کو مسترد کر دیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی تجویز کی مخالفت کی وجہ سے کرکٹ کی عالمی نگراں تنظیم آئی سی سی نے اپنے ایگزیکٹو
بورڈ اجلاس میں ووٹنگ کے بغیر ہی 2 درجے ٹیسٹ چیمپئن شپ کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا۔ آئی سی سی کے 10 مستقل رکن ممالک میں سے آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، پاکستان، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز نے اس نظام کی حمایت کی تھی تاہم بااثر رکن بھارتی کرکٹ بورڈ سمیت سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اس کی مخالفت کی۔ آئی سی سی نے ہر 2 سال کے بعد عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے پلے آف میچز کروانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس سسٹم کو 2019 تک متعارف کروایا جائے گا۔ آئی سی سی کے سربراہ ڈیوڈ رچرڈسن نے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے بعدبیان میں کہا کہ شیڈول اور موجودہ ڈھانچے سمیت اس معاملے میں کافی پیچیدگیاں ہیں تاہم ہم امید کرتے ہیں کہ 2019 تک تبدیلیاں عمل میں آ جائیں گی۔ دنیائے کرکٹ میں تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر عالمی کرکٹ خصوصی طور پر بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کے ڈھانچے کو بدلا نہ گیا تو بہت سے اچھے کھلاڑی مختلف ملکوں کی ڈومیسٹک ٹی 20 لیگز کی نذر ہو جائیں گے جس کے بعد2 درجے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تجویز سامنے آئی تھی۔ اجلاس میں زیرِ غور آنے والے موضوعات میں میچوں کی ٹی وی نشریات سے ملنے والی رقوم کو قومی کرکٹ بورڈز کے درمیان مشترکہ طور پر تقسیم کرنے کی تجویز بھی شامل تھی۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی تنظیم فیکا کے ایک سروے کے مطابق کھلاڑیوں کی نصف تعداد ڈومیسٹک ٹی 20 لیگ میں فری ایجنٹ کے طور پر کھیلنے کے لیے قومی کنٹریکٹ چھوڑنے پر غور کر رہی ہے۔