عوام نادرا میں رجسٹریشن کرانے پرخاص توجہ دیں ،اعجاز احمد چوہان

97

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) ریجنل الیکشن کمشنر حیدرآباد اعجاز احمد چوہان نے کہا ہے کہ لوگ نادرا میں رجسٹریشن کرانے پر خاص توجہ دیں بالخصوص 18 سال کی عمرکے افراد شناختی کارڈ بنانے میں دلچسپی لیتے ہوئے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔یہ بات انہوں نے آج اولڈضلع ناظم سیکرٹریٹ حیدرآباد میں منعقدہ ڈسٹرکٹ اینڈ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کے تعلقہ سے یوسی سطح تک عوام کے لیے آگاہی پروگرام منعقدکیے جارہے ہیں تاکہ آئندہ عام انتخابات 2018ء میں تمام افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اور آبادی کے تناسب سے ہر حلقہ میں ووٹ ڈالنے کی شرح میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنے کی کم شرح کی وجہ بچوں کی رجسٹریشن سے لے کر قومی شناختی کارڈ نہ بنوایا جانا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن آ ف پاکستان متعلقہ تمام محکموں کے تعاون سے رجسٹریشن کا عمل یقینی بنانے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے دیہاتوں اور دور افتادہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ ووٹ کی اہمیت سے متعلق شعور بیدار کرنے کے پروگرام تشکیل دیے جائیں ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام مرتضیٰ میمن نے بتایا کہ چند علاقوں کے لوگ اپنی خواتین کے ووٹ کا اندراج ضروری نہیں سمجھتے اس لیے بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ اس قومی فریضے میں این جی اوز و محکمہ تعلیم کے تعاون سے عوام میں شعور بیدار کریں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل میں باشعور افراد اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں کو ووٹ کی اہمیت سے متعلق آگاہی دیں ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر/رجسٹریشن آفیسر حیدرآباد امتیاز علی کلہوڑو نے کہا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے جس کے لیے ہر ایک کو انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مٹیاری سعید احمد سومرو کے علاوہ متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔