عیدالاضحی کی آمد:قصابوں نے اجرت میں ہوشربااضافہ کردیا

136

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی میں قصابوں نے چھریاں تیز کر لیں ، ڈیمانڈ میں اضافے کے باعث کٹائی کی رقم بھی بڑھ چڑھ کر مانگنی شروع کر دی۔ملک بھر میں ایک طرف تو عوام کی جانب سے من پسند خوبصورت جانوروں کی خریداری جاری ہے تو دوسری جانب انہی جانوروں کی کٹائی کے لیے شہریوں نے قصابوں سے رابطہ کرنا شروع کردیاہے۔اب قصاب بھی کسی سیلبرٹی سے کم نہیں رہے۔قصابوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ چند پیسوں کی بچت کے چکر میں اپنے مہنگے جانوں کو اناڑی قصابوں کے حوالے نہ کریں۔ عوام کا کہنا ہے کہ بکرا عید میں سب سے مشکل کام قصائیوں کے ناز نخرے اٹھانا ہے اگر قصائی مل گیا تو سمجھ لیں عید ہو گئی۔دوسری جانب کراچی میں قصابوں کی کٹائی لسٹ منظر عام پر آچکی ہے۔ بھاری بکرے کی کٹائی کے 4 ہزار اور ہلکے بکرے کے 3 ہزار روپے ، بھاری گائے کی کٹائی کے 20 ہزار ، درمیانی گائے کے 15 ہزار اور ہلکی گائے کے 10 ہزار روپے جبکہ اونٹ کی کٹائی کے 15 ہزار سے 20 ہزار روپے چارج کیے جا رہے ہیں۔