مدارس میں حکومتی مداخلت برداشت نہیں کریں گے،جے آئی یو

151

کراچی ( پ ر )جمعیت اتحادالعلما سندھ کے ناظم اعلیٰ مولانا حزب اللہ جکھرونے سندھ میں مساجد و مدارس کی رجسٹریشن کے نام پر اساتذہ و علما اور طلبہ کو ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس ملکی سالمیت کی ضمانت ہیں،حکومت غیروں کوخوش کرنے کے لیے مدارس کے معاملات میں مداخلت کرکے مذموم مقاصد پورے کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے آج اپنے ایک بیان میں سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن پر قانون سازی کی مخالفت کر تے ہوئے کہا کہ حکومت دینی مدارس و مساجد کو تنگ کرنے کے بجائے پاناما لیکس و دبئی لیکس کی تحقیقات پر توجہ دے ،قومی دولت کی لوٹ مار کرنے والے قوم کو حساب دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس کی تنظیم اتحاد تنظیمات مدارس نے ہمیشہ حکومت کے ساتھ قومی مفاد کی خاطر افہام و تفہیم سے معاملات کو نبھایا ہے اور اس میں مزید بہتری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں مگر سندھ حکومت کی جانب سے ایک بار پھرمدارس کی رجسٹریشن کے نام پر اساتذہ اور طلبہ کو ہراساں کرنا خود وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شا کو ناکام بنانے کی سازش ہے۔