مویشی منڈی میں پارکنگ مافیا کے کارندوں نے نوجوان کی جان لے لی

155

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپرہائی وے کی مویشی منڈی میں پارکنگ مافیا کے کارندوں نے 28 سالہ نوجوان کی جان لے لی، پولیس نے پارکنگ ٹھیکیدار کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔لاش گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا،عید الاضحی کی تیاریوں میں مصروف گھر میں صف ماتم بچھ گئی ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں پارکنگ پر تلخ کلامی پر پارکنگ مافیا کے کارندوں نے 28 سالہ وجاہت کی جان لے لی، مقتول وجاہت قربانی کا جانور لینے سہراب گوٹھ پہنچا، جہاں گاڑی کھڑی کرنے پر پارکنگ مافیا کے کارندوں سے جھگڑا ہوگیا، نوجوان بیٹے کی اچانک موت پر باپ بے بسی کی تصویر بن گیا۔اس کی دہائی ہے کہ اسے انصاف فراہم کیا جائے، وجاہت کے اہلخانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی اور ماں بیٹے کی راہ تکتی رہی۔مقتول کے لواحقین کا بتانا ہے کہ وجاہت جانور لینے گیا تھا جہاں اس کا پارکنگ انتظامیہ سے جھگڑا ہوگیا اور اس دوران وجاہت کو انتظامیہ کی جانب سے شدیدتشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وجاہت پی آئی اے میں انجینئرتھا۔ واقعے کے فوری بعد وجاہت کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔علاقہ مکینوں نے منڈی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور احتجاجاً سڑک کو بند کردیا۔ پولیس نے پارکنگ کے ٹھیکیدار کو دو ساتھیوں سمیت حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی۔