کوٹری (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی بھولاری کا پہلا اجلاس چیئرمین مختار حسین جمالی کی صدارت میں ہوا، جس میں کونسلر جلیل زرین بنگش کی جانب سے پیش کردہ ایک قراردار منظور کی گئی جس میں 22 اگست کو ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف نعرے لگانے اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے پاکستان واپس لایا جائے اور میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والے ملزمان گرفتار کیے جائیں۔ اجلاس میں اسد آباد کالونی سمیت پورے علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ٹیلیگراف پھاٹک پر اوور ہیڈ برج کی فوری تعمیر کے لیے بھی کونسلروں کی جانب سے مطالبات پیش کیے گئے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ڈاکٹر سلیم طاہر نے بلدیاتی اختیارات میں اضافے اور میونسپل کمیٹی بھولاری کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے ایک مالی پیکیج کا اعلان کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کمیٹی بھولار ی کے مختار جمالی نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ بھولاری کے عوام کی خدمت اور لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دیں کیونکہ ہمیں لوگوں نے منتخب کیا ہے لہٰذا ہمارا فرض ہے کہ ہم بھی ان کی خدمت کریں، ہماری پہلی ترجیح یہ ہوگی کہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ان کے دروازے 24گھنٹے کھلے ہیں۔ اجلاس میں حاجی وحید کابورو، رئیس رب نواز رند، ماما صدیق بلوچ، سید غلام مجتبیٰ شاہ، منٹھار علی خاصخیلی، منظور علی بروہی، ساون برفت، وارث چوہان، نوید راجپوت، نذیر احمد راجپوت اور انور عرف انو بھائی نے بھی شرکت کی۔