پنجاب اور کراچی کے عوام نے مخالفین کو جواب دے دیا، نواز شریف

100

چترال(مانیٹرنگ ڈیسک+خبرایجنسیاں) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ میرا خواب پاکستان کی ترقی ہے ، مخالفین کی باتوں کا جواب عوام دے رہے ہیں،پنجاب اور کراچی کے عوام نے مخالفین کو جواب دے دیا ہے ،میری دعا ہے کہ اللہ ان کو ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کی خدمت کرنے کی ہدایت دے۔وزیراعظم بدھ کو خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں تعمیر ہونے والی لواری ٹنل کی پیش رفت کا جائزہ لینے پہنچے جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے ساتھ سیاسی مخالفین کو بھی ایک بارپھر آڑے ہاتھوں لیا۔عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دلوں میں کوئی بغض نہیں، اگر بغض ہوتا تو شاید خیبر پختونخوا میں بھی ہم اپنی حکومت بناتے لیکن ہم نے سب کے مینڈیٹ کا احترام کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ مخالفانہ بیانات کا نوٹس نہیں لیتے بلکہ عوام نوٹس لیتے ہیں اور کل کراچی کے عوام نے احتجاج کی سیاست مسترد کر دی۔انہوں نے بتایا کہ لواری ٹنل پر 27 ارب روپے خرچ ہورہے ہیں، ہم نے اقتدار میں آتے ہی اس منصوبے کے لیے 8 ارب روپے دیے جبکہ پچھلے 3 سال میں اس پر 10 ارب خرچ کیے گئے اور مزید 8
ارب روپے اگلے سال تک دیے جائیں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے چترال میں یونیورسٹی کے قیام، 250 بستروں پر مشتمل اسپتال اور سڑکوں اور بجلی کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا جبکہ کچھ منصوبوں کا افتتاح کیا۔انہوں نے چترال کی ضلعی حکومت کے لیے بھی 20 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا، جس سے گلی محلوں کی بہتری کے لیے کام کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اعلان کیے گئے منصوبوں میں سے اکثر 2018ء تک مکمل ہوجائیں گے اور جو رہ جائیں گے وہ ہم 2018ء کے بعد مکمل کریں گے کیونکہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ان کے بقول نواز شریف کوئی ایسا اعلان نہیں کرتا جس پر عمل نہ کرے۔اس موقع پر خیبرپختونخوا کے سابق گورنر سردار مہتاب احمد خان، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر مملکت انوشہ رحمان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔