گھارو : بااثر افراد کا پولٹری لیز کا قبضہ دلانے کیلیے کچی آبادی کے مکینوں کو نوٹس

72

گھارو(نمائندہ جسارت) گھارو ریونیو حکام نے بااثر فرد کو گھارو ٹاؤن کمیٹی کی حدود میں پولٹری لیز کا قبضہ دلانے کے لیے کچی آبادی کے سیکڑوں مکینوں کو جگہ خالی کرنے کے نوٹس جاری کردیے، مکینوں کا عدالت جانے کا فیصلہ۔ گھارو ریونیو حکام نے گھارو کچی آبادی کے سیکڑوں مکینوں کو نیشنل ہائی وے کے قریب سرکاری اراضی پر قبضے کرنے پر نوٹس جاری کیے ہیں کہ وہ جگہیں خالی کر دیں بصورت دیگر انہیں گر ا دیا جائے گا جبکہ اس مد میں متاثرین غلام حسین جسکانی، اکبر بلوچ، داد محمد شہزاد، ہاشم شاہ اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ 1992ء میں لیز کی گئی ٹاؤن کمیٹی کی حدود میں تمام پولٹری لیز اس وقت کے وائس چیئرمین احسان جوکھیو کی شکایت پر ریونیو آفیسر کوٹری بیراج نے رد کر دی تھی تاہم ایک بااثر شخص نے پولٹری لیز کی آڑ میں گھارو ٹاؤن کی حدود میں 32 ایکڑ کا نہ صرف دعویٰ کیا ہے بلکہ ریونیو حکام کے ذریعے اسکا قبضہ بھی لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریونیو حکام نے بنا کسی انکوائری کے نوٹس جاری کردیے ہیں جبکہ اس مقام پر گزشتہ 40 سال سے ہم آباد ہیں اور ہمارے پاس نہ صرف مالکانہ حقوق کے کاغذات ہیں بلکہ کئی سال سے پانی، بجلی، گیس کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس آف سندھ، گورنر اور وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ ہونے والے ظلم کا نوٹس لیا جائے اور انہیں تمام قانونی دستاویزات ہونے کے باوجود بے گھر ہونے سے بچایا جائے۔