روس عالمی نظام میں مداخلت سے باز رہے‘ امریکی انتباہ

133

روس عالمی نظام میں مداخلت سے باز رہے‘ امریکی انتباہ

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر دفاع کارٹر نے روس کو مغربی دنیا میں جاری جمہوری عمل میں خلل ڈالنے سے خبردار کیا ہے اور ماسکو حکومت پر ایسا جارحانہ طرزِ عمل روا رکھنے کا الزام عائد کیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی نظام کو کھوکھلا کرنا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ایش کارٹر نے یہ باتیں بدھ کے روز برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبہ سے اپنے ایک خطاب میں کہیں۔ نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق کارٹر نے اس امر کی وضاحت نہیں کی کہ روس دراصل کیا کچھ کرنے کی کوشش کر رہا ہے یا آیا وہ امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے مختلف مراکز میں ہیکنگ کے ان حملوں کی طرف اشارہ کر رہے تھے جن کا پتا 8 نومبر کے صدارتی انتخابات کے لیے حتمی امیدواروں کے انتخاب کے مرحلے کے دوران چلا تھا۔ تب امریکی حکام اور سائبر سیکورٹی کے ماہرین نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ کام روسی حکومت کے لیے کام کرنے والے ہیکرز کا ہے۔ تاہم ماسکو حکومت اس امر کی تردید کر چکی ہے کہ وہ ہیکنگ کے ان حملوں میں کسی بھی طرح سے ملوث ہے۔ ایش کارٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہہم روس کو ایک دشمن کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے، لیکن کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم اپنے حلیفوں، اصولوں پر مبنی بین الاقوامی نظام اور اس مثبت مستقبل کا دفاع کریں گے، جو اس نظام کی بدولت ہم سب کا مقدر بنے گا۔ کارٹر نے مزید کہا کہہم ایسی کوششوں کے خلاف مزاحمت کریں گے جن کا مقصد ہماری اجتماعی سلامتی کو کمزور کرنا ہو گا اور ہم ایسی کوششوں کو بھی نظر انداز نہیں کریں گے جن کا مقصد ہمارے ہاں جاری جمہوری عوامل میں مداخلت ہو گا۔
امریکی انتباہ