بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے،ترجمان دفترخارجہ

250

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کررہا ہے، ہمارے پاس اس کے واضح شواہد موجود ہیں، وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر سمیت ملک میں پڑوسی ملک کی تخریب کاری اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے معاملات اٹھائیں گے۔

یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان سے متعلق بیان کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور تخریبی سرگرمیوں کے واضح شواہد موجود ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان میں گرفتار ”را“ ایجنٹ کل بھوشن یادیو اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کے معاملات اٹھائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا معاملہ بھی اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے اعترافی بیانات دنیا نے دیکھے اور سنے ہیں۔ کلبھوشن نے واضح کر دیا تھا کہ خطے میں درحقیقت کونسا ملک دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے پیلٹ گنز کی فائرنگ سے 700 سے زائد کشمیری نوجوان بصارت سے محروم ہو چکے ہیں اور انہیں طبی امداد بھی نہیں دی جا رہی۔ وزیراعظم نوازشریف نے بھی اپنے حالیہ مطالبے میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا تھا۔ وزیراعظم نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ظلم پر خاموش رہنا بھی ظلم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی غرض سے وزیراعظم کے منتخب کردہ 22 پارلیمنٹرینز نے مختلف ممالک کے دورے شروع کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کے خصوصی ایلچی اس وقت جنیوا کا دورہ کر رہے ہیں اور شیڈول کے مطابق وہ دیگر ممالک کا بھی دورہ کرینگے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق بھی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کی غرض سے دوست ملکوں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے مختلف ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کا مسئلہ تمام عالمی فورمز پر اٹھایا ہے جبکہ جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بھی کشمیر کا مسئلہ پوری شدت کیساتھ اٹھایا جائے گا۔ شملہ معاہدے کے بعد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ناقابل عمل ہونے کے بھارتی دعوے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ شملہ معاہدہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر بالادستی کسی صورت حاصل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود اقوام متحدہ کے قراردادوں اور شملہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ نئی دہلی میں بلوچی زبان کے ریڈیو کے اجراءکے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ افغانستان سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہے، افغانستان میں امن پاکستان اور تمام خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں چار فریقی رابطہ گروپ کے تمام رکن ملکوں کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے شمالی کوریا کیساتھ مبینہ رابطوں سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یہ رپورٹ ایشین نیوز انٹرنیشنل نے جاری کی ہے جو بھارت میں شائع ہوتا ہے۔