سپریم کورٹ اربوں روپے لوٹنے والے کے خلاف ازخودنوٹس لے،راشدنسیم

274

نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ پانا مہ لیکس پر فوری کمیشن بنایا جائے ۔ سپریم کورٹ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے اور ملکی دولت کو لوٹ کر بیرون ممالک بنکوں میں جمع کروانے والوں کیخلاف از خود نوٹس لے۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کی پھانسیوں پر حکمرانوں کی خاموشی مجرمانہ غفلت اور قومی سلامتی کے خلاف اقدام ہے ۔ جماعت اسلامی بنگلہ دیش دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر بنگلہ دیش کو بھارت کالونی بنانے کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے بنگلہ دیش بھارت پاکستان کے درمیان ہونےو الے سہ فریقی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ظالم وزیراعظم حسینہ واجد جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کو پھانسی دے رہی ہے پاکستان فوری طور پر بنگلہ دیش سے اپنا سفیر واپس بلائے اور عالمی سطح پر بنگلہ دیشی ظلم وجبر ، قتل عام اور سفاکی کے خلاف آواز بلند کی جائے ۔ سہ فریقی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان عالمی عدالت انصاف میں جائے ۔

ان خیا لات کا اظہار جماعت اسلامی ملتان کے سابق ضلعی سیکر ٹری جنرل عارف محمود سمرا کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی ملتان کے ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی، ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، کنور محمد صدیق، حافظ محمد اسلم،عاصم صدیقی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا یوم حساب قریب ہے احتساب سے بھاگنے والوں کو ایک دن حساب دینا ہی پڑے گا۔ حکمرانوں نے سانحہ ڈھاکہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور اسے صرف جماعت اسلامی کا مسئلہ سمجھتے ہوئے بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکا ئے جانے والوں کے حق میں کوئی آواز نہیں اُٹھائی۔ قوم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کی خاطر بہنے والے خون سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے بد ترین بزدلی اور بے حسی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت انتہائی اہم موڑ پر ہے پاکستان عالمی سطح پر وہ کردار ادا نہیں کررہا ہے جو اُسے ادا کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور” را“ کے اہلکار پاکستان کی سلامتی کیخلاف ہر مکروہ کھیل کھیل رہے ہیں اس پر سیاسی وعسکری قیادت نہ سمجھ آنے والی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت نے پہلے بھی کراچی کے عوام کی مثالی خدمت کی اور شہر کی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور ہمیں آئندہ جب بھی موقع ملے گا ہم شہر کراچی کو تعمیر وترقی ، خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے ۔ شہریوں کو امن و امان اور جان ومال کا تحفظ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مائنس الطاف فارمولے کے ذریعہ ہمارے اہل اقتدار ایم کیو ایم کو صاف ستھرا کرکے شہر کراچی کو نئے سرے سے اپنے کنٹرول میں رکھنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے پاکستان مردہ باد کے نعروں کے بعد اُن کی امریکہ میں پاکستان مخالف تقریرپاکستان سے کھلی غداری ہے۔ حکومت کی ا س پر خاموشی شکوک وشبہات پیدا کررہی ہے عوام اس کو ایجنسیوں کا کھیل سمجھ رہی ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک جمہوری اسلامی وانقلابی جماعت ہے آئندہ الیکشن میں ایک بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی۔ جماعت اسلامی اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو پر حصہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ ناقص اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے ۔ مہنگائی، بے روزگاری اور توانائی بحران کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات کئی گنا بڑھ گئی ہیں ۔