آسٹریلیا اورایس آئی یوٹی کے طبی ماہرین کا3روزہ اجلاس ختم

139

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا اورایس آئی یو ٹی کے طبی ماہرین نے تین روزہ مشترکہ اجلاس کے اختتام پر گردے اور پیوند کاری کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں ویسٹ میڈ ہسپتال سے آئے ہوئے آسٹریلوی ماہرین نے ملک میں انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوندکاری کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آسٹریلوی ڈاکٹروں کی 4رکنی ٹیم نے ایس آئی یو ٹی کے ہم منصب ماہرین کے ساتھ مختلف طبی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔پیوندکاری سے متعلق سماجی، نفسیاتی مسائل کے ساتھ ساتھ نرسنگ اسٹاف کی خصوصی علاج اور بچوں کے امراض کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گردے کی بیماریوں کے عالمی شہرت یافتہ ماہر پروفیسر جیریمی چپمین (Prof Jeremy Chapman) نے ترقی پذیر ممالک میں غیر قانونی گردوں کی پیوندکاری کی صورت حال پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔پروفیسرفلپ او کونل (Prof Philip O’Connel) جو آسٹریلوی ہسپتال کے کلینیکل میڈیسن کے سربراہ ہیں، نے ٹرانسپلانٹیشن کے بارے میں دنیا کے دیگر ممالک اور پاکستان کے درمیان موازنہ پیش کیا۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر جان سوینن(Dr Jan Swinnen) ، ڈاکٹر جرِمن وونگ (Dr Germaine Wong)اور ڈیبورا نیگ (Deborah Knagge) کے علاوہ پروفیسر ادیب رضوی ڈائریکٹر سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی)، ڈاکٹر طاہر عزیز اور ڈاکٹر بخش علی شامل تھے۔