سید پرویز قیصر
سری لنکا کے خلاف پالے کیلی میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 263 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور ہونے کے ساتھ ساتھ مشترکہ طور پر سب سیبڑا اسکور تھا۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور کرنے کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا جس نے کینیا کے خلاف جوہانسبرگ میں 14 ستمبر 2007ء کو 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 260رنز بنائے تھے۔
رائل چیلنجرز بنگلور نے پونا واریئرز کے خلاف بنگلور میں 23اپریل 2013ء کو 20اوور زمیں 5 وکٹوں پر 263 رنز بنائے تھے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور ہے ‘اس اسکور کی برابری آسٹریلیا نے کرلی ہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور 20اوورز میں 6 وکٹوں پر 248 رنزتھا جو اس نے انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمیپٹن میں 29 اگست 2013ء کو بنایاگیاتھا۔
سری لنکا کے خلاف اس سے پہلے سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا جس نے موہالی میں 12 دسمبر 2009ء کو 19.1اوورز میں 4 وکٹوں پر 211 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اس سے قبل سب سے بڑا اسکور 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 215 رنزتھا جو سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پالے کیلی میں 9 نومبر 2015ء کو بنایا تھا۔
آسٹریلیا کی اننگز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں گلین میکسویل اور ڈیوڈ وارنر نے 4.5اوور میں 57 رنزجوڑے جبکہ گلین میکسویل اورعثمان خواجہ کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنانے میں کامیاب رہے، ٹریوس ہیڈ کے ہمراہ گلین میکسویل نے تیسری وکٹ کی رفاقت میں 109رنز جوڑے، ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں یہ تیسرا موقع تھا جب پہلی 3 وکٹوں کے لیے 50سے بڑی شراکتیں ہوئیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز صرف بھارت ٹیم نے حاصل کیا تھا۔ موہالی میں سری لنکا کے خلاف 12 دسمبر 2009ء میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے 19.1 اوورز میں 4 وکٹوں پر 211 رنز بنائے تھے تو اس اننگز میں پہلی 3 وکٹ کے لیے 50رنزسے بڑی شراکتیں قائم ہوئی تھیں۔
ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مارچ 2016ء میں بھارت نے 20اوور زمیں 2 وکٹوں پر 192 رنز بنائے تھے جو پہلی 3 وکٹوں کی شراکت میں 50سے زیادہ رنز جوڑے گئے تھے۔ اس میچ میں بھارت کوشکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔