اپوزیشن انتشار کے بجائے ملکی ترقی کیلیے حکومت کا ساتھ دے، گورنر پنجاب

90

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے عمران خان اور ان کے رفقا کو طوطا فال نکالنے والے سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کے بجائے ملکی ترقی کیلیے حکومت کا ساتھ دے۔ وہ گزشتہ روز گلاب دیوی اسپتال میں کوکا کولا کی جانب سے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک اس وقت انتشار اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ سب کو مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ملک کی سلامتی اور امن و امان حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی بھی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ بے سر و پا الزامات، من گھڑت کہانیاں اور بے بنیاد پروپیگنڈے نہ عوام کو گمراہ کرسکتے ہیں اور نہ ہی حکومت کو ہلا سکتے ہیں، پاکستان سب کا ہے، آپ بھی محب وطن ہیں، ہم بھی محب وطن ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اپنی مدت ضرور پوری کرے گی اور 2018ء میں عوام فیصلہ کریں گے کہ کون سی جماعت بہتر ہے۔