بقائی ڈینٹل کالج :دانتوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا مفت معائنہ

153

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بقائی میڈیکل یونی ورسٹی میں بقائی ڈینٹل کالج کے ڈپارٹمنٹ کمیونٹی ڈینٹسٹری کے زیر اہتمام ڈینٹل ہیلتھ ویک کے سلسلے میں میڈیکل کیمپ میں دانتوں کی مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈینٹل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر کاشف اکرام نے کہا کہ بقائی ڈینٹل کالج گزشتہ چوتھائی صدی سے شہر قائد کراچی کے لوگوں کے دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت کی نگہداشت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقائی میڈیکل کالج اور ڈینٹل کالج بنانے والوں کی یہ دور اندیشی تھی کہ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے ذرائع مہیا کرنے کے ساتھ عام لوگوں میں صحت کا شعور پیدا کرنے کے لیے ’’آگہی۔ تحفظ۔ علاج‘‘ کے نظریے کو عام کرنے کا خاص اہتمام کیا۔ فری میڈیکل کیمپوں اور بیماریوں کے عالمی ایام کے موقعوں پر عوام کو حفظانِ صحت کے ضابطے بتا کر انہیں بیماریوں میں مبتلا ہونے سے بچایا جانا اچھا عمل ہے۔ بقائی ڈینٹل کالج میں صرف دانتوں کی مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا معائنہ ہی نہیں بلکہ آنے والوں کو دانتوں کی صحت کے بارے میں آگہی بھی فراہم کی گئی۔ کمیونٹی ڈینٹسٹری کے ہیڈ ڈاکٹر اصغر علی شگری نے کہا کہ گاؤں، دیہات اور غربت کے ماروں کے لیے کمیونٹی ڈینٹل ہیلتھ کیئر کے کیمپ نعمت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بقائی ڈینٹل کالج اسپتال میں روزانہ دانتوں کے قریباً 200 نئے مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے اساتذہ اور طلبہ مقررہ شیڈول کے مطابق مختلف گاؤں، دیہات اور اسکولوں میں جا کر بچوں اور بڑوں کے دانتوں کی صحت کا جائزہ لیتے ہیں اور ضرورت کے مطابق علاج اس نظریے سے کرتے ہیں کہ دانتوں کی صحت کے ساتھ انسانی صحت جڑی ہوئی ہے۔ دانت صحت مند ہوں گے تو زندگی خوب صورت ہوگی۔