تلہار، اغوا کا مقدمہ درج نہ کرنے پر مہیشوری برادری کا احتجاج

105

تلہار(نمائندہ جسارت)تحصیل ٹنڈو غلام حیدر کے گاؤں علی محمد سٹھیو سے غریب محنت کش خمیسو مہیشوری کی دو بیٹیاں مومل اور شنو کو بااثر افراد کی جانب سے اغوا کیے جانے کا مقدمہ پولیس کے جانب سے درج نہ کرنے پر آل سندھ مہیشوری جماعت سندھ کے رہنماؤں جی سنگھ، بابو، مصری ،کرشن،پوڑھو،ساؤن کی قیادت میں درجنوں افرادنے ایس ایس پی ٹنڈو محمدخان منیر شیخ اور ایس ایچ او مویا امتیاز علی نظامانی کے خلاف سٹی پریس کلب کے آگے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مذکورہ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملزم گلزار مگسی، دھنی بخش مگسی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہو کر رات کے وقت گھر میں داخل ہو کر دو بہنوں 15 سالہ مومل اور پانچ سالہ شنو ولد خمیسو کو اغوا کر کے لے گئے، جس کو18دن گزر چکے ہیں لیکن پولیس بااثر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول کر ر ہی ہے۔ ہم غریبوں کی آواز کوئی سننے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ، وزیر اعلیٰ، آئی جی اور دیگر سے مطالبہ کیا کہ اغوا کی گئی لڑکیوں کو جلد بازیاب کراتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔