سارک ممالک خطے میں سیاسی تنازعات کے خاتمے میں کردار ادا کرینگے ، عبدالرؤف عالم

121

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ سارک دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرتا خطہ ہے جس میں مزیر ترقی کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ سیاسی تنازعات میں کمی اس خطے کو دنیا کے لیے مثال بنا ڈالے گی کیونکہ یہاں کی نوجوان آبادی، معدنی وسائل، زراعت اور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ عبدالرؤف عالم نے یہ بات سارک چیمبر آف کامرس کے صدر سورج ودیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر احمد ملک اور نائب صدر ظفر بختاوری بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ سارک کی ترقی کی شرح چھ فیصد ہے جو یورپی یونین اور آسیان سمیت تمام بلاکس سے زیادہ ہے جبکہ سارک میں نوجوانوں کی آبادی اس خطے کا سب سے بڑا اثاثہ ہے جسے صحیح استعمال کیا جائے تو تمام آٹھ ممالک کی قسمت بدل سکتی ہے اور چھور دیا جائے تو ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ سارک کے ذہین لوگ ترقی یافتہ ممالک کا رخ کر کے ان کی ترقی کی رفتار تیز کر رہے ہیں کیونکہ ا ن کے ملکوں میں مواقع کی کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نومبر میں سارک سمٹ ہو رہی ہے جس دوران تمام ممالک کو غربت کے بجائے ترقی پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ انرجی فریم ورک ایگریمنٹ، موٹر وہیکل ایگریمنٹ اور ریلوے ایگریمنٹ پر صحیح عمل درآمد ہو تو تمام ممالک بے پناہ ترقی کریں گے۔ اس موقع پر سورج ودیا نے کہا کہ ان کے چیمبر نے لاہور مین تین روزہ سارک بزنس لیڈرز کی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں چوٹی کے بزنس مینوں کو انعام بھی دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت عوام کی فلاح پر فوکس کریں۔