لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل پرگزشتہ روز یوم ختم نبوت منایا گیا‘ مختلف شہروں میں کانفرنسیں، سیمینار اور اجتماعات منعقد کیے گئے اور ختم نبوت زندہ باد ریلیاں نکالی گئیں جبکہ یوم ختم نبوت کے حوالے سے مرکزی اجتماعات لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاورسمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں منعقد کیے گئے۔ ان پروگراموں میں جملہ مکاتب فکر کے جید علما کرام، مشائخ عظام اور مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ناموس رسالت ایکٹ اورختم نبوت سے متعلق آئینی دفعات کے خلاف سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم
نبوت کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، نائب امرا مولانا خواجہ عزیزاحمد، مولانا پیرحافظ ناصر الدین خاکوانی، مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عزیزالرحمن جالندھری، مولانا اللہ وسایا، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی اور دیگر ممتازعلما کرام نے خطاب کیا۔ دریں اثنا مرکزی ختم نبوت جامع مسجدعائشہ مسلم ٹاؤن لاہورمیں ختم نبوت سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت شیخ الحدیث مولانا محب النبی امیرجمعیۃ علما اسلام ضلع لاہور نے کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمدیوسف خان نے کہا کہ ناموس رسالت وختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں۔ مولانا عزیزالرحمن ثانی نے کہا کہ قادیانی خود کو پاکستان کے قانون کے مطابق اقلیت تسلیم نہ کر کے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ حافظ محمداشرف گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے اکابرین نے قادیانیوں کواسمبلی سے غیر مسلم اقلیت قرار دلوا کر ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔