ملک کی برآمدات میں مسلسل کمی تشویشناک ہے، احمد جواد

143

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے چےئرمین احمد جواد نے ملک کی لگاتار گرتی ہوئی برآمدات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ہمارے خیال میں وزیر تجارت اپنی وزارت کے افسروں کی عدم توجہ پر ناخوش ہیں جس کی وجہ کمزور تجارتی کارکردگی اور نئے تجارتی معاہدوں کی سست روی ہے۔احمد جواد نے بتایاکہ ملک کی گرتی ہوئی برآمدات کی اصل وجہ بجلی بحران ، پرانی مشینری ، کمزور تجارتی مسودہ ،علاقائی منڈیوں کی طرف مکمل رسائی نہ ہونا ہیں۔ اس کے علاوہ زرعی شعبے کی برآمدات کو مسلسل نظر انداز کرنا بھی سر فہرست ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ وزیر تجارت پچھلے تین سالوں میں کوئی اہم اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں بحثیت وزیر یہ ان کا فرض تھا کہ وہ اپنی وزارت کو ایک جامع ٹاسک دیتے اور پھر اس مقررہ وقت پر اس کا نتیجہ لیتے ۔جبکہ وزارت تجارت نے ہر فورم پر اپنے آپ اور قومی اسمبلی کے سامنے عالمی کساد بازاری کا سہارالے کر اپنے اپ کو بچانے کی کوشش کی ، احمد جواد نے تجویز دی کہ اگر حکومت قلیل وقت میں برآمدات کو بڑھانا چاہتی ہے تو ہارٹیکلچر ، حلال گوشت ، چاول اور سیمنٹ کے شعبے کی مکمل مدد کرے ۔فیڈریشن کی قائمہ کمیٹی کے چےئرمین نے حکومت کی تجارتی پالیسی 2015-18 ء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا اورآج بھی کہ رہے ہیں کہ اس پالیسی میں ہارٹیکلچر شعبے کے لیے کوئی مراعات نہیں ہیں۔ جو افسوس ناک ہے ، حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ جب تک زراعت اور اس کے منسلک شعبوں میں حکومت مالی تعاون نہیں کرے گی تب تک برآمدات کا ہدف حاصل ہونا ناممکن ہے ۔