ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے، ارشد وہرہ

133

7 کراچی (اسٹا ف رپورٹر) ڈپٹی مےئر ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ ملک میں نظام تعلیم یکساں ہونا چاہیے اور ہمیں اپنے اندر اتحاد، اخوت، مساوات اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا تاکہ اقوام عالم کا مقابلہ کرسکیں اور ملک ترقی کی منازل طے کرسکے، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے زیر اہتمام یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کaہی، چےئرمین ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی سید نیر رضا، ڈائریکٹر ایجوکیشن جاوید مصطفی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور مختلف یونین کمیٹیوں کے چےئرمین اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے اس رنگا رنگ تقریب میں شرکت کی، ڈپٹی مےئر کراچی نے کہا کہ آج کی تقریب 1965ء کی جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں اور سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر اور غیور افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے منعقد کی گئی ہے، انہو ں نے کہاکہ 1965ء کی جنگ میں ہم سب پاکستانی تھے، ہم سب کی سوچ میں حب الوطنی کا جذبہ نمایاں تھا، بعد میں ہمیں نادیدہ قوتوں نے لسانی، مذہبی اور صوبوں کی بنیاد پر تقسیم کردیا، جس کی وجہ سے آج ہمیں ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرنا پڑا، انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کا پاکستان نہیں قائد اعظم کا وہ پاکستان چاہیے جہاں ہر شخص اپنے وطن سے محبت کرتا ہو پاکستان ہماری خوشیوں، امنگوں اور چاہتوں کا گہوارا ہے۔ پاکستان کا مستقبل ہم سے اور ہمارا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے۔ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہے، جو لوگ باہر سے آکر ہمارے ملک میں سازشیں کررہے ہیں انہیں ناکام بنانا ہے ہم پاکستان اور کراچی کو اون کرتے ہیں اور اس کی ترقی اور خوشحالی کیلیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔