ممتازماہرتعلیم ڈاکٹرعبدالوہاب کی نمازجنازہ وتدفین

111

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز ماہر تعلیم ، محمد علی جناح و کراچی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور آئی بی اے کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب کو بدھ کی دوپہر آہوں اور سسکیوں کے ساتھ جامعہ کراچی کے نزدیک قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ان کی نماز جنازہ جامعہ کراچی میں واقع مسجد ابراہیم میں ادا کی گئی جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ، دانشوروں ، سماجی رہنماؤں،مرحوم کے عزیز و اقارب اور شاگردوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کراچی کے ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد قیصر، آئی بی اے کے ڈین و ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال، محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ،جامعہ کراچی کے سابق وی سی ڈاکٹر پیر زادہ قاسم، سماجی و سیاسی رہنما دوست محمد فیضی اور ڈاکٹر تو صیف احمد خان قابل ذکر تھے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے ڈاکٹر عبدالوہاب کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ7237 سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی7237 کراچی یونیورسٹی جرنلزم المنائی ایسوسی ایشن (کو جا) کے قائم مقام صدر عمیر انصاری، نائب صدر خالدہ صدیقی،جنرل سیکرٹری عابد حسین،جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر فاطمہ حسن،خازن فاروق عادل، کراچی یونیورسٹی شعبہ ابلاغ عامہ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر سیمی نغمانہ، کوجا کے دیگر عہدیداروں طارق محمود میاں، پروفیسر انعام باری،سید محمد عسکری،سیدہ نقوی اورطلعت محمود نے ممتاز ماہر تعلیم اور سابق شیخ الجامعہ ڈاکٹر عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔