پاکستان میں جرمن موٹر شو سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا

164

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا جرمن انجینئرنگ اینڈ موٹر شو سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا۔ یہ بات انہوں نے جرمن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جرمن سیکریٹری جنرل نیس چیبی سے ایس بی آئی کے دفتر میں اجلاس کے دوران کہی ۔ نیس چیبی نے ایک وفد کے ہمراہ چیئرپرسن ایس بی آئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور تین روزہ جرمن پاکستان انجینئرنگ اینڈ موٹر شو کے انعقاد کے لیے 26سے 28جنوری 2017تک ایکسپو سینٹر کراچی میں انعقاد کی تجویز پیش کی ۔چیئر پرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے جرمن انجینئرنگ اینڈ موٹر نمائش کے انعقاد کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ اس نمائش کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون اور مدد فراہم کریں گے اور سندھ حکومت کے تمام متعلقہ محکمے اس نمائش کے لیے آن بورڈ ہوں گے۔نمائش میں شرکت کرنے والے جرمن سرمایہ کاروں اور وفود کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی یورپین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا پاکستان میں یہ پہلا تجارتی شو ہے جس سے پاکستان اور باالخصوص سندھ میں جدید ٹیکنالوجی ، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔