پاکستان میں میزبانی اور سیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے،احسان اللہ

200

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (کوتھم) کے زیر اہتمام دوسرے سالانہ کانوکیشن کا انعقاد ایف ٹی سی آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ تقریب ہوٹل مینجمنٹ ، کلینری آرٹس اور ٹریول اور ٹورزم کے شعبے میں کامیاب ہونے والے 90سے زائد طلباء و طالبات کو میڈلز ، ڈپلومہ اور اسناد پیش کی گئیں ۔ اسکلز ڈیولپمنٹ کونسل کراچی کے چیئرمین احسان اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میزبانی اور سیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے جبکہ کوتھم سیاحتی اور ہوٹل مینجمنٹ کی تعلیم دے کر پاکستان کی خدمت کر رہا ہے۔ اس موقع پر کوتھم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر صابر احمد نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ہوٹل مینجمنٹ ،ٹریول اور ٹورزم کی تعلیم حاصل کر کے پاکستان اور بیرون ملک میں اپنا مقام بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء سے قائم کوتھم کراچی میں اس شعبے میں بہترین تعلیم فراہم کر رہا ہے جبکہ کوتھم سی ٹی ایچ انگلینڈ ، آئی سی ایم انگلینڈ ، اے ایچ ایل اے امریکا، نیوٹیک، سٹویٹا اور ایس بی ٹی ای سے منظور شدہ ادارہ ہے۔ کوتھم کے پاکستان بھر میں تیرہ کیمپس ہیں۔ تقریب سے دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آ ف ہائیرایجوکیشن کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی ، آغا خان یونیورسٹی کے نیورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع ،کوتھم پاکستان کے ڈائریکٹر آپریشن ظہیر احمد ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوتھم پاکستان بابر شیخ، کوتھم اسلام آباد کے ڈائریکٹر آصف جاویدسمیت ہوٹل اور ٹورزم کی صنعت سے وابستہ شخصیات، اساتذہ ، والدین اور پاکستان کے معروف شیف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔