چینی کمپنی سندھ میں سرمایہ کاری کے موقع سے فائدہ اٹھائے‘مراد علی شاہ

66

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے چینی مشینری انجینئرنگ کمپنی (CMEC )کے وفد نے نیو سندھ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔چین کے وفد کی سربراہی ( CMEC )کے صدر زینگ شون کر رہے تھے۔ملاقات میں کیٹی بندر منصوبے اور سندھ اینگرو کی جانب سے تھر میں پاور پلانٹ لگانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر چینی مشینری انجینئرنگ کمپنی نے وزیراعلیٰ سندھ کو تھرکول پر ایک اور پاور پلانٹ لگانے کی بھی پیشکش کی۔وفد کے سربراہ نے بتایا کہ سندھ اینگرو کے منصوبے میں کمپنی مائننگ کاکام انجام دے رہی ہے۔ کمپنی تھر کو ل ما ئننگ اور پاور پلانٹ لگانے کے کام میں مشنری کی خریداری کے لیے مشاورت کررہی ہے۔ صدر زینگ شون نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرائی کہ مائننگ اور پاور پلانٹ مقررہ مدت اور مقررہ بجٹ میں مکمل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کمپنی کے صدر کو تجویز دی کہ وہ سندھ میں دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقعے سے فائدہ اٹھائیں جس پر انہوں نے کیٹی بندر اور دیگر کوئلے پر چلنے والے پاور پلانٹ میں سرمایہ کاری پر گہری دلچسپی کابھی اظہار کیا۔ مراد علی شاہ نے سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ او ر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی وحیدر آباداور آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ قانون کے دائرے میں رہ کر متاثرین کی مددکی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سے پیپلز پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ثانیہ ناز کی سربراہی میں لیاری کے وفد نے نیو سندھ سیکرٹریٹ میں ملاقا ت کی۔ملاقات میں لیاری کے رہائشیوں کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ لیاری میں امن و امان ، ترقیاتی کام ،تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر جام خان شورو کو ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط کریں اور بلدیاتی نمائندوں کو ہر قسم کی سپورٹ کی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سبکدوش ہونے والے امریکن قونصل جنرل برائن ہیتھ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ انہوں نے برائن ہیتھ کے کردار کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ برائن ہیتھ نے سندھ میں تعلیم ، صحت ، کھیل اور دیگر شعبوں میں اہم کردار اداکیا ہے۔