یو-ایس اوپن ٹینس، جوکووچ اور گیل مونفلس کی سیمی فائنل تک رسائی

156

نیویارک (جسارت نیوز) سربیا کے نامور ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ اور فرانس کے گیل مونفلس اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے ‘جرمنی کی نامور ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر 2 انجلیق کربر اور ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں داخل ہو گئیں بھارتی پلیئر ثانیہ مرزا کو ویمنز ڈبلز کوارٹرفائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا‘فیلی سیانو لوپز اور مارک لوپز پر مشتمل اسپینش جوڑی نے مینز ڈبلز سیمی فائنل میں جگہ بنا لی‘کولمبیا کے روبرٹ فرا اور ان کی جرمن جوڑی دار اینا لینا گرونفیلڈمکسڈڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ سال کے چوتھے اور آخری گرینڈسلام کے سلسلے میں کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں سربین نوویک جوکووچ نے فرانس کے جو ویلفرائیڈ سونگا کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے شکست دیدی جہاں انکا مقابلہ فرانس کے گیل مونفلس سے ہوگا، انہوں نے کوارٹر فائنل میں فرانس کے لوکاس پاؤلی کو 4-6، 6-3 اور 6-3 سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ویمنز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جرمنی کی انجلیق کربر نے اٹلی کی روبرٹا وینسی کوا سٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 6-0 سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے لٹویا کی اناستاسیجا سیواستووا کوا سٹریٹ سیٹس میں 6-0 اور 6-2 سے مات دیکر ایونٹ میں ٹاپ 4 راؤنڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انجلیق کربر کا مقابلہ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی سے ہوگا۔ ویمنز ڈبلز کوارٹرفائنل میں کیرولین گارسیا اور ملاڈینووک پر مشتمل فرانسیسی جوڑی نے بھارت کی ثانیہ مرزا اور سٹرائیکووا کو 7-6 اور 6-1 سے زیر کر کے ایونٹ سے باہر کر دیا۔مینز ڈبلز کوارٹرفائنل میں فیلی سیانو لوپز اور مارک لوپز پر مشتمل اسپینش جوڑی نے مائیک برائن اور باب برائن پر مشتمل امریکن جوڑی کو 7-6، 4-6 اور 6-3 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔مکسڈڈبلز کوارٹرفائنل میں روبرٹ فرا اور گرونفیلڈ نے روہن بوپنا اور ان کی جوڑی دار ڈبروسکی کو1-6، 6-2 اور 10-8 سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔