فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے مشرقی ایشیائی ممالک کے سربراہ اجلاس میں اپنے ملک کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کا دفاع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکا انسانی حقوق پر لیکچر نہ دے۔
لاؤس کے دارالحکومت وینتیانے میں منعقدہ اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کا کہنا تھا کہ امریکا انسانی حقوق پر لیکچر دینے کے بجائے اْن کی حکومت کی منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم میں عملی مدد کرے۔
واضح رہے کہ فلپائنی صدر نے رواں برس مئی میں اپنا منصب سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے چھ ماہ کے اندر اندر ملک سے کرپشن کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کے کاروبار کا بھی صفایا کر دیں گے۔ اِس اعلان کے بعد سے فلپائن کے مختلف شہروں اور قصبوں میں منشیات کے کم از کم 2400 اسمگلر ہلاک کیے جا چکے ہیں۔