مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔
فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ موجودہ انتفادہ کا اب تیسرا مہینہ شروع ہوچکا ہے اور جہاں ایک طرف کشمیری عوام کی جانب سے آزادی کا مبنی برحق مطالبہ روز بہ روز شدت اختیار کرتا جارہا ہے وہاں دوسری جانب طاقت کے نشے میں چور بھارت اور اسکاکٹھ پتلی ٹولہ اپنی فورسز کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر مظالم اور چیرہ دستیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران مقبوضہ وادی میں 92بے گناہ شہریوں کو شہید ،ہزاروں کو زخمی جبکہ سینکڑوں کو بینائی سے محروم کیا گیا لیکن اسکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد عزم و ہمت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ کشمیریوں کو جدوجہد آزادی کے راستے سے ہرگز ہٹایا نہیں جاسکتا کیونکہ وہ شہداء کے مشن کی تکمل تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ انہوں کہا کہ ظلم و جبر کی رات بالاخر ختم ہو گی اورکشمیرمیں آزادی کا سورچ طلوع ہو گا۔