ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور

89

(سید وزیر علی قادری) (سید پرویز قیصر)

سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور ہونے کے ساتھ ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ اسکور ہے۔
گلین میکسویل نے پہلی مرتبہ اننگز کا آغاز کیا تھا اور ان کا ساتھ آسٹریلیا کے نئے کپتان ڈیوڈ وارنر نے دیا۔ آسٹریلیا نے صرف 25گیندوں پر 50 رنزبنا کر یہ بات ظاہر کر دی تھی کہ وہ اس میچ میں ایک بڑا اسکور بنائے گا‘ 57 گیندوں پر اس نے 100 اور 78 گیندوں پر 150 رنز مکمل کیے۔ 200 کا ہندسہ آسٹریلیا نے 100 ویں گیند پر عبور کیا جبکہ 250 رنز بنانے میں اس نے 118 گیندیں کھلیں۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا جس نے کینیاکے خلاف جو ہانسبرگ میں 14 ستمبر 2007ء کو کھیلے گئے میچ میں20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے۔
رائل چیلجرز بنگلور نے پانا واریئرز کے خلاف بنگلور میں 23 اپریل 2013ء کو 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور ہے جس کی برابری اب آسٹریلیا نے کر لی۔
رائل چیلجرز بنگلور کا یہ اسکور ویسٹ انڈیز کے کریس گیل کی دھواں دھار بلے بازی کی وجہ سے ممکن ہو سکا تھا۔ انہوں نے 102 منٹ میں 66 گیندوں پر 13 چوکوں اور 17 چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 175 رنز بنائے تھے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
رائل چیلجرز بنگلور نے 50 رنز 30 گیندوں پر مکمل کرنے کے بعد 100 رنز 48 گیندوں پر مکمل کر لیے تھے۔ اس نے 150 رنز 73 گیندوں اور 200 رنز 97 گیندوں پر مکمل کیے تھے۔ 250 رنز بنانے میں اس کے بلے بازوں نے 114 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔ 3 سال تک کوئی ٹیم اس اسکور کو برابر کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی مگر اب آسٹریلیا نے اس اسکور کی برابری کرلی ۔
آسٹریلیا کا اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 248 رنزتھا جو اس نے انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن میں 29 اگست 2013ء کو بنایا تھا۔
سری لنکا کے خلاف اس سے پہلے سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا جس نے موہالی میں 12 دسمبر 2009ء کو 19.1 اوورز میں 4 وکٹ پر 211 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اس سے قبل سب سے بڑا اسکور 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215رنز تھا جو سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پالے کیلی میں 9 نومبر 2015ء کو بنایا تھا۔
آسٹریلیا کی بڑا اسکور کرنے میں سب سے زیادہ مدد گلین میکسویل نے کی۔ انہوں نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 گیندوں پر 14 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 145 رنز بنائے جو اس قسم کے کرکٹ میں کسی بھی کھلاڑی کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑے انفرادی اسکور کا ریکارڈ آسٹریلیا کے ایرون فنچ کے پاس ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن میں 29 اگست2013ء کو 63 گیندوں پر 11 چوکوں اور 14 چھکوں کی مدد سے 156 رنز بنائے تھے۔
اگر آخری اوورز میں گلین میکسویل کو زیادہ گیندیں کھیلنے کو ملتی تو وہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہو جاسکتے تھے۔
گلین میکسویل نے اس میچ سے قبل نہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اور نہ ہی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کی تھی۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی سنچری 153 ویں اننگز میں اسکور کی اور زیادہ اننگز کھیلنے کر سنچری اسکور کرنے والوں میں چوتھا نمبر حاصل کیا۔
پاکستان کے عمر اکمل نے اپنی 187 ویں اننگز کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی تھی۔ بھارت کے ویرات کوہلی نے اپنی پہلی سنچری 181 ویں اننگز کے دوران بنائی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل نے پہلی سنچری بنانے کے لیے 181 اننگز کھیلی تھی۔
گلین میکسویل کا اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور 95 رنزتھا جو انہوں نے 2 مرتبہ بنایا تھا۔ کنگز الیون پنجاب کی جانب سے کھیلتے ہوئے چنائی سپر کنگز کے خلاف 18 اپریل 2014ء کو انہوں نے ابوظہبی میں 43 گیندوں پر 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے اور 22 اپریل 2014ء کو سن رائزر حیدر آباد کے خلاف شارجہ میں 43گیندوں پر 5 چوکوں اور9 چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ان کا سابقہ سب سے بڑا اسکور61 منٹ میں 43 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 75 رنزتھا جو انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں 6 مارچ 2016ء کو اسکور کیا تھا، ۔