آئی ڈی پیز سے کشمیر کے زلزلہ متاثرین جیسا سلوک نہ کیا جائے، طاہر القادری

80

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ فاٹا اور وزیر ستان کے آئی ڈی پیز کے ساتھ حکمران وہ رویہ اختیارکرنے سے باز رہیں جو 8 اکتوبر کے قیامت خیز زلزلہ متاثرین کے ساتھ روا رکھا گیا، زلزلہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدری ہے۔، افسوس زلزلہ متاثرین کیلیے
آنے والی اربوں ڈالر کی امدادمیں خورد برد ہوئی اور متاثرین کو حالات کے رحم کرم پر چھوڑا گیا۔ گزشتہ روز مرکزی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 11 سال گزر جانے کے بعد بھی مظفرآباد، باغ، راولا کوٹ، بالا کوٹ، مانسہرہ، شانگلہ میں متاثرین زلزلہ کے ساتھ حکومت نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ منہاج ویلفیئر نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین زلزلہ کی بحالی، میڈیکل ایڈ اور خوراک کی فراہمی کے منصوبے پر کروڑوں خرچ کیے۔ کشمیر کے زلزلے میں یتیم ہونے والے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ ادارہ آغوش کے نام سے بنائی اور سیکڑوں بچوں کی تعلیم و تربیت اور مفت رہائش کا بیڑہ اٹھایا جو الحمداللہ آج تک جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نے زلزلہ متاثرین سے جو وعدے کیے تھے انہیں آج تک نبھا رہے ہیں۔