سیاست میں مائنس ون فارمولا نہیں چلے گا اور پیپلزپارٹی مائنس ون فارمولے کو نہیں مانتی،کسی کو بھی مسترد کرنے اور قبول کرنے کا حق صرف عوام کا ہی ہے،پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ کے سربراہ اورسینئر وزیر نثاراحمد کھوڑو

156

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پیپلز پارٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی سندھ کے سربراہ اورسینئر وزیر نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سیاست میں مائنس ون فارمولا نہیں چلے گا اور پیپلزپارٹی مائنس ون فارمولے کو نہیں مانتی،کسی کو بھی مسترد کرنے اور قبول کرنے کا حق صرف عوام کا ہی ہے ۔ مائنس ون کی باتیں کرنے والے عمران خان سے پوچھا جائے کہ کہیں اپنی پارٹی والے انہیں ہی اپنی پارٹی سے نہ نکال دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں واقع اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے
کہا کہ جمہوریت کے علاوہ ملک کا کوئی اور دائمی حل نہیں ہے ۔ جمہوریت کے خلاف باتیں کرنے والے آمر پرویز مشرف اب سیاستدان بننے کی تو کوشش کررہے ہیں مگر وہ ایک کونسلر بھی نہیں جتواسکتے۔آمر مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کی ذمے دار ن لیگ کی حکومت ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عسکریت اور انتہا پسندی کی سیاست نہیں چلے گی اس لیے سیاست عسکریت اور انتہا پسندی کے بغیر ہونی چاہیے اور سب کو پاکستان کے قومی دھارا میں شامل ہونا چاہیے ۔نثار کھوڑونے کہا کہ کراچی میں بلا تفریق کارروائی کی وجہ سے امن بحال ہواہے اور لوگوں کی نظریں اب سندھ میں سرمایہ کاری پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر کے خلاف سندھ اسمبلی نے قرارداد منظور کرکے کارروائی کے لیے وفاق کو سفارش کی مگر وفاقی حکومت نے ابھی تک اس کے متعلق کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔