ٹرینوں کی سیکورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں‘سعد رفیق

111

لاہور(اے پی پی ) وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے تنصیبات اور ٹرینوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کر دی۔ ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن میں عالمی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر نو کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ریلویز
محمد جاوید، مشیرریلوے، رکن فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجرانفرااسٹرکچر ہمایوں رشید، پروجیکٹ ڈائریکٹر آف ریلوے اسٹیشنز، آئی جی آپریشنز جواد ڈوگر سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جو کمپنیاں کوالٹی کو مدنظر ر کھتے ہوئے مقررہ وقت پر کام پورا کریں گی انہیں مزید مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے کیونکہ معیار اور وقت دونوں بہت اہم ہیں۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ عالمی معیارکو مد نظر رکھتے ہوئے نئے تعمیر اور اپ گریڈ ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم تیار کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ پلیٹ فارم اور ٹرین میں فاصلہ بالکل کم ہو تاکہ خصوصی اور عام مسافر باآسانی ٹرین سے اتر یا داخل ہوسکیں۔ انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر اپ گریڈیشن آف ریلوے اسٹیشنزکو ہدایات جاری کیں کہ اپنی پروفیشنل ٹیم تیار کریں اور ریلوے اسٹیشنو ں کی تعمیر نو سمیت ان کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے دورے کرکے کام کی رفتار کے بارے میں ماہوار رپور ٹ پیش کریں۔ اجلاس میں سیکورٹی کی موجودہ صورت حال پر بھی غورکیا گیا۔