انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں مفرور ملزمان ایم کیو ایم کے حماد صدیقی اور سابق سیکٹر انچارج رحمان بھولا سمیت8 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر ملزمان کو بہرصورت گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا

126

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں مفرور ملزمان ایم کیو ایم کے حماد صدیقی اور سابق سیکٹر انچارج رحمان بھولا سمیت8 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر ملزمان کو بہرصورت گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیاجبکہ مقدمے میں ملوث پاک سر زمین پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کے دست راست علی حسن قادری اور عمر قادری کی عبوری ضمانت میں18 اکتوبر
تک توسیع کردی۔ ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر2 میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کا تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا۔ عدالت نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر استفسار کیا کہ ملزمان کو کیوں نہیں گرفتار کیا گیا جس پر تفتیشی افسرنے بتایا کہ حماد صدیقی اور رحمان بھولا بیرون ملک روپوش ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو بہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔ اس موقع پر فیکٹری مالکان نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ ہم متاثرین میں سے ہیں ملزمان نہیں ہیں۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے بھی عدالت کو بتایا کہ فیکٹری مالکان متاثرین ہیں ان سے بھتامانگا گیا تھا جبکہ وکیل صفائی کا کہناتھا کہ جوپیسے علی حسن قادری کوملے وہ بھتے کے نہیں‘فیکٹری خریدنے کے لیے تھے۔ عدالت نے ملزمان کی بہرصورت گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18اکتوبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے فیکٹری مالکان عبدالعزیز بھائلہ،ارشد بھائلہ‘ شاہد بھائلہ اورمنیجر منصور کی بے گناہی سے متعلق رپورٹ مسترد اور ملزمان کوپیش ہونے کا حکم جاری کیا جاچکا ہے جبکہ مفرور ملزمان ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی اور رحمان عرف بھولا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔