بھارت کشمیریوں کو کچلنے کیلیے ہر ہتھکنڈا استعمال کررہا ہے‘عبدالرشید ترابی

101

اسلام آباد (صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و رکن قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو کچلنے کے لیے دنیا کا ہر استعماری ہتھکنڈا استعمال کررہا ہے‘ کشمیر ی آزادی کے لیے پر عزم ہیں ‘ نریندر مودی کے عزائم کو ناکام بنائیں گے‘ 8اکتوبر 2005ء کے قیامت خیز زلزلے کی تلخ یادیںآج بھی تازہ ہیں‘ جماعت اسلامی کے کارکن اس اجتماع سے نئی طاقت اور نیا عزم لے کر میدان عمل میں اتریں‘ اسلامی تحریک کو کامیابی سے کوئی دورنہیں کر سکتا‘ عالمی استعمار اسلامی تحریکوں کو ہدف بنارہا ہے‘ حق
اور باطل کا معرکہ فائنل مراحل میں داخل ہو چکا ہے ‘ اسلامی تحریکوں نے آگے بڑھنے کے لیے راستے بنانے ہیں‘ آزاد خطے میں بھی اسلامی تحریک پیش رفت کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے 43 ویں سالانہ اراکین جنرل کونسل کے اجلاس میں افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پوری دنیا میں حق اور باطل کامعرکہ درپیش ہے مصر، بنگلادیش،کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، عراق سمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے‘ ہمیں ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنا ہے کیونکہ وہ بھی ہمارے جسم کا حصہ ہیں امت مسلمہ کا تصور اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہداء کی وارث ہے اس تحریک کو آزادی کی منزل تک پہنچانے کے لیے ہمیں جان ومال اور وقت لگانا ہوگا‘ گلگت بلتستان کی جماعت اسلامی نے نا مساعد حالات میں کام کیا ہے ۔