عمران خان سیاسی مفاد کیلیے قومی مفاد سے کھیل رہے ہیں ‘عرفان صدیقی

108

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزیر اعظم کے مشیر اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے وفاقی وزیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے سیاسی مفاد کے لیے قومی مفاد سے کھیل رہے ہیں3 سال سے جاری دھرنوں اور سڑکوں کی سیاست چھوڑ کر انہیں نئے انتخابات کے لیے تیاری کرنی چاہیے ۔پی پی پی اور تحریک انصاف کی جنگ مستقبل میں اور زیادہ تیز ہوگی کیوں کہ مسئلہ اس ووٹ بینک کا ہے جو پی پی پی کو چھوڑ کر تحریک انصاف سے جا ملا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ پنجاب کے عہد یداروں سے خطاب کرتے
ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کی صف بندیا ں شروع ہو گئی ہیں جس میں ایک بار پھر پاکستان کی تعمیر و ترقی کا راستہ روکنے اور سیاست کو سٹرکوں کا کھیل بنا دینے والوں کو عبرتناک شکست ہوگی ۔بعد ازاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ نواز شریف نے جس جراء ت مندی کے ساتھ کشمیری عوام کی اقوام عالم کے سامنے ترجمانی و نمائندگی کی ہے اور جس طرح بھارت کے حقیقی مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا ہے اس کی مثال پوری قومی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ عرفان صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی احتجاج آئین و قانون کی حدود میں ہونا چاہیے کیونکہ عوام کے حقوق کی پاسداری کرنی بھی لازم ہو تی ہیں۔ مریضوں کو اسپتال لے جانے اور بچوں کوتعلیمی اداروں تک پہنچنے کا بھی حق حاصل ہے اور تاجروں کو بھی اس حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا کہ وہ اپنے کاروبار جاری رکھ کر بچوں کی روزی کمائیں۔