قومی خزانہ لوٹنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے‘ 30 اکتوبر کو عوام کا سمندر اسلام آباد جائے گا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک

63

کوہستان (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے‘ 30 اکتوبر کو عوام کا سمندر اسلام آباد جائے گا‘ حکمرانوں کے ابھی سے اوسان خطا ہوگئے‘ موجودہ اور سابق وفاقی حکمرانوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا اور پیسہ باہر منتقل کردیا انہیں غیرملکی سرمایہ کاروں کوملک میں سرمایہ کاری کرنے کا کہتے ہوئے شرم نہیں آتی‘ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بدعنوانی اور لوٹ مار سے پاک ، شفاف نظام اور پراعتماد ماحول وقت کی ضرورت ہو تی ہے جس کی ان حکمرانوں سے امید نہیں کی جا سکتی۔ وہ تحصیل پٹن ضلع کوہستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کوہستان کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جس میں ایک کیڈٹ کالج اور ایک ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا قیام،4 ایمبولینسز کی فراہمی، 2 بیسک ہیلتھ یونٹس کی رورل ہیلتھ سینٹرز میں تبدیلی، پٹن ہائی اسکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان، پٹن اسپتال کے لیے جنریٹر کی منظوری، اریگیشن چینلز کی بحالی سمیت کئی دوسرے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک سے لوٹ مار، کرپشن اور اقربا پروری کے خاتمے کے لیے جہاد جاری رکھے گی‘ 30 اکتوبر کو عوام کا سمندر حکمرانوں سے احتساب لینے کے لیے اسلام آباد جائے گا‘ ابھی سے اُن کے اوسان خطا ہو گئے ہیں‘ ہم قومی خزانہ لوٹنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے اور انہیں ضرور عوام کی عدالت میں لائیں گے۔