وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چھوٹے کاشتکاروں میں 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان

100

لاہور (نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چھوٹے کاشتکاروں میں 100 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور ان قرضوں کا مکمل سود پنجاب حکومت ادا کرے گی، زراعت کی ترقی اور چھوٹے کسان کی خوشحالی کیلیے 100 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا تاریخ ساز پروگرام معاشی و سماجی اور سبز انقلاب برپا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے ایوان وزیراعلیٰ میں حکومت اور بینکوں کے مابین قرضوں کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کی تاریخ کے اس منفرد اور انوکھے پروگرام سے لاکھوں کسان مستفید ہوں گے۔ جدید
ٹیکنالوجی کے ذریعے قرضے شفاف انداز سے تقسیم کیے جائیں گے۔ زراعت کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ زراعت پاکستان کی خوشحالی، برآمدات بڑھانے کی ضمانت اور زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ ہے۔ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ کسان آگے بڑھے گا تو قومی معیشت مضبوط ہوگی۔ حکومت کے کسانوں کی ترقی، زراعت کے فروغ اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلیے شروع کیے گئے انقلابی پروگراموں سے زرعی ترقی کا خواب پورا ہوگا۔ ماضی کے حکمرانوں کا تعلق اگرچہ زراعت سے رہا ہے لیکن انہوں نے اس شعبے کی ترقی پر کوئی توجہ نہ دی۔100 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا تاریخی فیصلہ بھی وزیراعظم محمد نوازشریف کے عہد حکومت میں پنجاب حکومت نے کیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے مال روڈ پر جو دھرنے ہوتے تھے اب نہیں ہوں گے بلکہ اب انہیں اس 100 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کے پروگرام پر ایک دوسرے کوگلے لگانا چاہیے اور مٹھائیاں بانٹنی چاہییں۔