کالعدم تنظیموں کے 9 دہشت گرد جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

136

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے پولیس مقابلے‘ اقدام قتل‘ دھماکا خیز مواد راور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات میں گرفتار کالعدم تنظیموں القاعدہ بر
صغیر‘ لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے9 دہشت گردوں کو 17 اکتوبر تک کے لیے جسمانی ریمانڈ پرمحکمہ انسداد د ہشت گردی کی تحویل میں دے دیا جبکہ اسی مقدمے میں محمد اسحاق‘ محمد زاہد سمیت دیگر2 نامعلوم کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔ ہفتے کومحکمہ انسداد دہشت گردی نے پولیس مقابلے‘ اقدام قتل‘ دھماکاخیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات میں گرفتار کالعدم تنظیموں القاعدہ بر صغیر‘ لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے 9 دہشت گردوں فیض الرحمن عرف عامر عرف دانیال‘ محمد مصطفی عرف شہزاد‘ سعید عرف کالو عرف ببلا‘ احمد صادق عرف ذیشان‘ زین العابدین عرف زین‘ افروز عرف لمبو‘ عبدا لباری عثمان عرف باری‘ فرقان عالم عرف شہریار اور محمد ابراہیم عرف سجاد کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج کے رو بروپیش کیا۔ مقدمے کے تفتیشی آفیسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جبکہ ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں بھی ملوث ہیں۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان کو7 اکتوبر 2016ء کو نارتھ کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا اور ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا تھا ،ملزمان کے خلاف تھانا سی ٹی ڈی گارڈن مقدمات درج ہیں۔